کراچی کا دل آرٹس کونسل ہے

پاکستان کا استحکام کراچی کے امن کے وابستہ ہے،گورنرسندھ

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کادل کراچی ہے اور کراچی کا دل آرٹس کونسل ہے، اس کو دھڑکتے رہنا چاہئے۔ کوچہ ثقافت کے دوبارہ آغاز سے سیف الرحمن گرامی کی یاد تازہ ہوگئی۔ کراچی میں فن وثقافت کا میلہ کوچہ ثقافت کا بیج انہوں نے بویا تھا جس کو آج دوبارہ پروان چڑھایا جارہاہے۔ پاکستان کا استحکام کراچی کے امن کے وابستہ ہے۔ نامساعد حالات کے باوجودسیکیورٹی اداروں نے اپنا بھر پور کردار ادا کیااور بزنس کمیونٹی سے وابستہ شخصیات اور شہریوں نے بھی اداروں کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کوچہ ثقافت کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ اس موقع پر کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ، صدر آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، سیکریٹری آرٹس کونسل ڈاکٹر ہما میر، محمد احمد شاہ، اسجد بخاری، کاشف گرامی، اقبال لطیف ، حسینہ معین ، ڈاکٹر فوزیہ خان، ڈاکٹر قیصر سجاد، منور سعید ، طلعت حسین ، راشد عالم،قدسیہ اکبر و دیگر بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ آرٹس کونسل کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ آرٹس کونسل مستحکم ہوگا تو کراچی بھی مستحکم ہوگا۔ کراچی کی ثقافتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں آرٹس کونسل بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ اس وقت آرٹس کونسل میں مزید تعمیراتی کام جاری ہے جو کہ تقریبا دو ماہ میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد کراچی میں مزید معیاری تھیٹر ہوا کریں گے۔

کمشنر کراچی کاکہنا تھاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ فن وثقافت کے ادارے کو پروان چڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ احمد شاہ کا کہنا تھاکہ آرٹس کونسل میں آٹھ سال قبل سیف الرحمن گرامی نے فن وثفاقت کے ادارے کے تحت کوچہ ثقافت کا آغاز کیا لیکن کچھ وجوہات پر یہ سلسلہ بند ہوگیا اب ہم نے دوبارہ اس سلسلے کو بحال کررہے ہیں تاکہ جو پوداسیف الرحمن گرامی نے لگایا تھا اس کو مزید پروان چڑھایا جاسکے۔

ڈاکٹر ہما میر کا کہنا تھاکہ آرٹس کونسل کی ترقی میں اپنی ٹیم کے ساتھ فن و ثقافت کی خدمت کا جذبہ لے کر آئے ہیں اور اسکو جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کوچہ ثقافت میں لگے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا جہاں پر مصوری، کتابوں کے اسٹالز، فن پارے، ملبوسات، دستکاری، مٹی کے برتن، سجاوٹ کی اشیاء، کھانے پینے کے و دیگر اسٹالز شامل تھے۔ اس موقع پر موسیقی، علاقائی رقص، مشاعرہ وغیرہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر گوشہ گرامی کا اسٹال آنے والے شرکاء کے لئے توجہ کا مر کز بنا رہا۔کوچہ ثقافت کا یہ میلہ ہر اتوار سجایا جائے گا۔

تبصرے

  • اس پوسٹ پر تبصرے نہیں ہیں!