منشیات اسمگل کرنے کے جرم میں ایک اور پاکستانی شہری کا سر قلم

شاہ زمان خان سید پر ملک میں ایمفیٹا مائن اور ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کا جرم ثابت ہوا تھا۔

سعودی عرب میں  منشیات اسمگل کرنے کے جرم میں ایک پاکستانی شہری کا سر قلم کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے مطابق شاہ زمان خان سید پر ملک میں ایمفیٹا مائن اور ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کا جرم ثابت ہوا تھا۔ شاہ زمان خان کی سزا پر عمل درآمد دارالحکومت ریاض میں ہوا ہے ۔

اس سے رواں سال کٹر قدامت پسند ریاست میں سزائے موت کے واقعات کی تعداد 86 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 47 کی سزائے موت پر ایک ہی دن میں عمل درآمد ہوا تھا جن پر ’دہشت گردی‘ کا جرم تھا۔

سعودی عرب میں سزائے موت پانے والے مجرموں میں سے زیادہ تر کے سر قلم کیے جاتے ہیں۔

ایمنیسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب گذشتہ سال سزائے موت پر عمل درآمد کرنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر رہا۔ جن افراد کی سزاؤں پر عمل درآمد ہوا ان کی تعداد کم از کم 158 ہے۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر پاکستان کا تھا جہاں 326 افراد کو پھانسی دی گئی جبکہ پہلے نمبر پر ایران رہا جس نے کم از کم 977 افراد کو پھانسیاں دیں۔

تبصرے

  • اس پوسٹ پر تبصرے نہیں ہیں!