خبردار! اس قسم کے ایس ایم ایس بالکل نہ کھولیں

اگر آپ کو بھی موبائل پر ایس ایم ایس موصول ہو تو کبھی نہ کھولیں

ایپل موبائل فون صارفین کو ٹیکنالوجی ماہرین کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ ان کا قیمتی اور پرائیویٹ ڈیٹا چرانے کیلئے ہیکروں نے انتہائی مکارانہ حملے شروع کر دئیے ہیں ، جن سے بچنے کیلئے سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔

یاہو نیوز نے ٹیکنالوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیکروں کی جانب سے ایپل صارفین کو ایک ٹیکسٹ میسج بھیجا جاتا ہے جس میں بتایا جاتا ہے کہ ان کی ایپل آئی ڈی ایکسپائر ہو گئی ہے اور نئی آئی ڈی کے حصول کیلئے انہیں ایک ویب سائٹ وزٹ کرنے کو کہا جاتا ہے۔ اس ویب سائٹ کا نام بظاہر ایپل کی ویب سائٹ سے ملتا جلتا ہوتا ہے، لیکن اصل میں یہ ہیکروں کی جانب سے بنائی گئی مشکوک ویب سائٹوں میں سے کوئی ایک ہوتی ہے۔ میسج میں بتائی گئی ویب سائٹ کا نام supportAtapple.comیا appleIdLogin.com سے ملتا جلتا ہو سکتا ہے۔

اس ویب سائٹ پر لاگ ان ہونے والے صارفین سے ان کا نام ایڈریس ، ایپل اکاؤنٹ کی تفصیلات اور بعض اوقات کریڈٹ کارڈ کی معلومات بھی مانگی جاتی ہیں۔ ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معلومات فراہم کرنے والے صارفین کے موبائل فون پر موجود قیمتی ڈیٹا چوری کیا جاتا ہے، بلکہ ان کے بینک اکاؤنٹ بھی خالی ہو سکتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہیکروں کے حملوں سے محفوظ رہنے کیلئے ایسے ٹیکسٹ میسج کو نہ کھولیں، اور اگر کھول ہی بیٹھیں تو اس میں بتائی گئی ویب سائٹ پر ہرگز نہ جائیں۔

تبصرے

  • اس پوسٹ پر تبصرے نہیں ہیں!