صرف پاکستان نہیں بھارت میں بھی ریکارڈ گرمی

گزشتہ روز راجھستان کے شہر پھلودی میں درجہ حرارت 51 سینٹی گریڈ ریکارڈ

پاکستان میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے کئی علاقوں میں تو گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں لیکن یہ صورت حال صرف وطن عزیز تک ہی محدود نہیں بھارت میں بھی گرمی کے قومی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ 

پاکستان میں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں اور اس کی وجہ ماحولیاتی تغیرات کو قرار دیا جارہا ہے، ایسی ہی صورت حال صرف وطن عزیز میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی ہے۔

بھارت کی ریاستوں تلنگانا اور آندھرا پردیش میں اپریل میں ہی درجہ حرارت اس سطح پر پہنچ گیا تھا جو عام طور پر جون کے وسط میں ہوتا ہے جب کہ گزشتہ روز راجھستان کے شہر پھلودی میں درجہ حرارت 51 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ ملک میں جب سے موسم کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے سب سے زیادہ ہے۔ اس سے پہلے ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 1956 میں قائم ہوا تھا جب درجہ حرات 50.6 تک پہنچ گیا تھا۔

پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے ماہر ڈاکٹر محمد حنیف نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی اور جون میں عام طور پر پاکستان میں گرمی کی لہر کا اوسطً دورانیہ زیادہ سے زیادہ پانچ دن ہوتا ہے لیکن گرمی کی حالیہ لہر 5 دن سے جاری ہے اور مزید دو دن تک جاری رہے گی جو کہ غیر معمولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت کی وجہ  بھارت کی مشرقی ساحلی پٹی میں سمندری طوفان ہے۔ جس کی وجہ سے اس وقت سمندر سے ٹھنڈی ہوائیں نہیں آ رہی ہیں جس کے نتیجے میں بھارت کے مغربی علاقوں اور پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرمی کی غیر معمولی لہر جاری ہے۔

محمد نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں یہ لہر مزید دو دن تک جاری رہے گی جبکہ بالائی پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مزید ایک دن تک گرمی کی شدت رہے گی جس کے بعد اتوار کو آندھی آنے سے گرمی میں کمی آئے گی جبکہ سندھ اور پنجاب کے جنوبی علاقوں میں دو دن بعد موسم میں تبدیلی آئے گی۔ دو دن بعد نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں راجھستان سمیت متعدد علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔ 

تبصرے

  • اس پوسٹ پر تبصرے نہیں ہیں!