طارق مسعود یاسین کو آئی جی پنجاب تعینات کیے جانے کا امکان

ڈی ائی جی اختر علی شاہ کو آئی جی خیبر پختون خوا تعینات کیے جانے کا امکان ہے

پولیس گروپ کے سینئر آفیسر طارق مسعود یاسین کو آئی جی پنجاب اور  ڈی ائی جی اختر علی شاہ  کو  آئی جی  خیبر پختون خوا تعینات کیے جانے کا امکان ہے. 

آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا 4 اپریل کو مدت ملازمت مکمل ہونے پر پولیس سروس کو خیر باد کہہ رہے ہیں، پنجاب میں آئی جی پولیس کی تعیناتی کے لیے اس وقت 5 سینئر پولیس افسران کے نام گردش کررہے ہیں، جن میں  سرفہرست نام آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین کا ہے جو پولیس سروس میں نہایت مستعد اور متحرک پولیس آفیسر مانےجاتے ہیں پنجاب حکومت نے ان کی خدمات وفاق سے طلب کر رکھی ہیں اور زرائع سے معلوم ہواہے کہ اس کے لیے انھوں نے اپنے رضامندی بھی ظاہر کردی ہے۔ 

آئی جی پنجاب کے لیے امیدواروں میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ  فیصل شاہکار ،  کیپٹن (ر) عارف نواز، کیپٹن (ر) امین وینس اور امجد جاوید سلیمی کے نام گردش کررہے ہیں تاہم پولیس کے ایک سینئر آفیسر کا کہنا ہے کہ اب چونکہ پنجاب کی جانب سے آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین کی خدمات  پنجاب کے لیے  طلب کرلی گئیں ہیں اس لیے ان ہی کے آئی جی پنجاب  تعینات ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ 

دوسری جانب ناصر خان درانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد خیبر پختون خوا میں آئی جی تعینات کیے جانے کا فیصلہ نہیں  ہوسکا اور عارضی چارج  وہاں سے سینئر  ترین  گریڈ اکیس کے ڈی آئی جی اختر علی شاہ کو سونپا گیا ہے جن کے حوالے سے    شنید ہے کہ ان ہی  کو  مستقل طور پر آئی جی  کے پی کے تعینات کیا جاسکتا ہے۔ 

تبصرے

  • اس پوسٹ پر تبصرے نہیں ہیں!