لالہ کے نام ایک اور اعزاز

شاہد آفریدی چمپیئنز ٹرافی کے لیے اعزازی سفیر مقرر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں  سال انگلینڈ میں  ہونے والی چمپیئنز ٹرافی کے لیے شاہد آفریدی سمیت 8 سفیروں  کے ناموں کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مستقبل کی نسل کو کھیل سے متاثر کرنے اور ٹورنامنٹ کی مقبولیت کو بڑھانے کے لیے رواں  سال یکم جون سے 18 جون تک کھیلی جانے والی چمپیئنز ٹرافی کے 8 سفیروں  کا اعلان کردیا گیا ہے۔ 

چیمپیئنز ٹرافی کے سفیروں  میں  پاکستان کے شاہد آفریدی، بنگلہ دیش کے حبیب البشر، انگلینڈ کے آئن بیل، نیوزی لینڈ کے شین بونڈ، آسٹریلیا کے مائیک ہسی، ہندوستان کے ہربھجن سنگھ، سری لنکا کے کمارسنگا کارا اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ شامل ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں  خوش ہوں  کہ مجھے آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا سفیر مقرر کیا گیا ہے اور جن کھلاڑیوں  کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کھیلی تھی ان کھلاڑیوں  کے بہترین گروپ میں  شامل ہونا خوش قسمتی ہے،چمپیئنز ٹرافی ایک ایسا ٹورنامنٹ ہے جس کو پاکستان نے کبھی نہیں  جیتا اور اب انڈیا، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے ساتھ ایک مشکل گروپ میں  ہے۔

مایہ ناز آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو اپنی صلاحیت پر بھروسہ کرنا چاہیے اور ہر میچ میں  لطف اندوز ہونے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں  ہوتا اور ان کھلاڑیوں  کو بھی اپنے سابق کھلاڑیوں  یا دیگر بہترین ٹیموں  کی طرح ہی کام کرنا ہوگا۔

تبصرے

  • اس پوسٹ پر تبصرے نہیں ہیں!