بالی ووڈ کے ان پڑھ اداکار

بالی ووڈ کے ان پڑھ اداکار

بولی وڈ کے بیشتر اداکار چاہے وہ پرانے ہوں یا نئی نسل سے تعلق رکھتے ہوں، اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ مثال کے طور پر بگ بی سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتے ہیں۔ کنگ خان بھی گریجویٹ ہیں۔  تاہم کچھ ستارے ایسے بھی ہیں، بولی وڈ کے افق پر جن کی چمک آنکھوں کو خیرہ کیے ہوئے ہے مگر تعلیمی میدان میں وہ اسکول سے آگے نہیں بڑھ پائے۔ رسمی تعلیم نہ ہونے کے باوجود پیشہ ورانہ زندگی میں انھوں نے کام یابی کی داستانیں رقم کیں اور یہ سلسلہ ہنوز برقرار ہے۔

 عامر خان:



بولی وڈ کے سپراسٹار اور مسٹر پرفیکشنسٹ اپنی کئی فلموں میں ناظرین کو حصول تعلیم کی ترغیب دے چکے ہیں مگر خود انھیں پڑھنے لکھنے سے کوئی دل چسپی نہیں تھی۔ ان کے والد طاہر حسین فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر تھے۔ یوں عامر خان کو کسی مالی پریشانی کا سامنا نہیں تھا۔ وہ چاہتے تو دنیا کی بہترین جامعات میں داخل ہوسکتے تھے مگر انھوں نے بہ مشکل ہائی اسکول پاس کرنے کے بعد والدین سے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں کوئی دل چسپی نہیں رکھتے، چناں چہ انھیں مجبور نہ کیا جائے۔ دوسری جانب طاہر حسین اور ان کی بیگم زینت حسین اپنے لخت جگر کو اعلیٰ تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتے تھے مگر ان کے پیہم اصرار اور ڈانٹ ڈپٹ کے باوجود عامر خان کالج میں داخلہ لینے پر راضی نہ ہوئے۔ انھوں نے والدین سے کہہ دیا تھا کہ اب وہ صرف اداکار بننے کے خواب کو تعبیر دینا چاہتے ہیں۔ کالج کی سیڑھیاں نہ چڑھنے والا یہ نوجوان شہرت کی سیڑھیاں پھلانگتے پھلانگتے آج بلند ترین مقام پر پہنچ چکا ہے۔

کترینا کیف:

Image result for katrina kaif

ملکوتی حُسن کی مالک یہ اداکارہ کروڑوں دلوں پر راج کررہی ہے۔ اس کے دیوانوں میں کالج و یونی ورسٹی کے طلبا کی تعداد سب سے زیادہ ہوگی۔ مگر خود اس حسینہ کو کالج تو کیا اسکول جانے کا موقع بھی نہ ملا۔ کشمیری باپ اور انگریز ماں کی بیٹی نے اسکول کی تعلیم گھر ہی پر حاصل کی۔ وجہ یہ تھی کہ اس کے والدین ایک جگہ ٹکتے نہیں تھے۔ ہر کچھ عرصے بعد ان کا شہر بدل جاتا تھا۔ چناں چہ کترینا کو اسکول میں داخل نہیں کروایا جاسکا۔ مختلف اساتذہ سے وہ گھر ہی پر رسمی تعلیم پاتی رہی۔ پھر جب کالج جانے کی عمر ہوئی تو اس نے ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔ یہاں اس کی مصروفیت اس نوعیت کی تھی اسے بیشتر وقت مختلف شہروں کے درمیان سفر میں رہنا پڑتا تھا۔ ماڈلنگ میں کام یابیاں اس کی بولی وڈ میں آمد کا سبب بنیں، اور پھر اس حسینہ نے مُڑ کر نہیں دیکھا۔ 

کاجول:

Image result for kajol

بازی گر سے شہرت کی بُلندیوں کو چُھونے والی سانولی سلونی کاجول نے بولی وڈ میں بھرپور وقت گزارا، اور باصلاحیت ترین اداکاراؤں میں سے ایک کہلائی۔ کاجول کی بولی وڈ میں آمد فلم ’بے خودی‘ سے ہوئی تھی۔ اس وقت وہ صرف سولہ برس کی اور اسکول میں زیرتعلیم تھی۔ گرمیوں کی چھٹیوں میں اسے اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا تھا۔ اداکارہ تنوجا اور ڈائریکٹر شومومکھرجی کی بیٹی شوٹنگ کے بعد تعلیمی سلسلہ جاری رکھنا چاہتی تھی۔ اس کی شدت سے خواہش تھی کہ ہائی اسکول کے بعد کالج لائف کا تجربہ کرے۔ تاہم قسمت کو یہ منظور نہ تھا۔ بے خودی کی عکس بندی مکمل ہوئی ہی تھی کہ اسے ’ بازی گر‘ میں کردار ادا کرنے کی پیش کش ہوگئی۔ 

اکشے کمار:

Image result for akshey kumar

اکشے کمار کے نام سے معروف راجیو ہری اوم بھاٹیا نے ممبئی کے ایک اسکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد کالج کا رُخ کیا۔ مگر چند ہی ماہ گزرے تھے کہ اس نے کالج کو خیرباد کہہ دیا۔ اس کا سبب یہ نہیں تھاکہ راجیو کو کسی فلم میں کردار کی ادائیگی کا موقع مل گیا تھا۔ وجہ یہ تھی مارشل آرٹس سیکھنے کے لیے وہ بنکاک چلا گیا تھا۔ مارشل آرٹس راجیو کا پہلا عشق تھا۔ تعلیم سے اسے کوئی دل چسپی نہیں تھی۔ تائی کوانڈو میں بلیک بیلٹ لینے کے بعد وہ ہندوستان لوٹ آیا۔ یہاں اس نے مارشل آرٹ سکھانے کا سلسلہ شروع کردیا۔ پھر اسے ماڈلنگ کی آفر ہوئی اور بالآخر بولی وڈ میں اس کی آمد ہوگئی، جہاں اس کی کام یابیوں کا سلسلہ آج بھی برقرار ہے۔

کنگنا رناوت:

Image result for kangana ranaut

بولی وڈ میں منفرد اداکاری سے مقام بنانے والی کنگنارناوت بچپن ہی سے پڑھاکو تھی۔ مگر ستم یہ ہوا کہ والدین اسے ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے جب کہ اسے سائنس کے مضامین سے چڑ تھی۔ بارھویں میں کیمسٹری کے ماہانہ ٹیسٹ میں فیل ہونے کے بعد اس نے ڈاکٹر بننے کا خواب یکسر ترک کردیا جس پر والدین اس سے بہت ناراض ہوئے۔ وہ میڈیکل کے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے بجائے نئے خوابوں کو تعبیر دینے کے لیے محض سولہ برس کی عمر میں دلی چلی آئی۔ والد نے اس سے قطع تعلقی کرلی تھی۔ چناں چہ گزراوقات کے لیے کنگنا نے ماڈلنگ ایجنسی جوائن کرلی۔ بس پھر شوبز اس کا اوڑھنا بچھونا بن گیا۔

ارجن کپور:

Image result for arjun kapoor
بولی وڈ کے نوجوان ہیروز میں سے ایک ارجن کپور تعلیمی میدان میں ہمیشہ سے نالائق تھا۔ بارھویں میں فیل ہونے کے بعد اس نے تعلیم کو ہمیشہ کے لیے خبرباد کہہ دیا۔ ایک انٹرویو کے دوران ارجن نے کہا تھا کہ لکھنا پڑھنا اسے ہمیشہ سے بُرا لگتا تھا۔ بڑی مشکل سے وہ کھینچ تان کر بارھویں تک پہنچا تھا، مگر اس میں فیل ہونے کے بعد اس نے والدین سے صاف صاف کہہ دیا تھاکہ اب وہ کسی صورت پڑھائی کی طرف نہیں آئے گا۔ معروف ڈائریکٹر بونی کپور کا بیٹا تعلیمی میدان میں تو ناکام ہوگیا مگر فلمی دنیا میں اس کا سفر کام یابی سے جاری ہے۔ عشق زادے سے لے کر ہاف گرل فرینڈ تک اس کی ہر فلم نے اچھا بزنس کیا ہے۔

عالیہ بھٹ:

Image result for alia bhatt
عالیہ نے اب تک اپنی زیادہ تر فلموں میں کالج گرل کا رول کیا ہے مگر حقیقی زندگی میں کبھی اس نے کالج کی شکل نہیں دیکھی۔ ہدایت کار و فلم ساز مہیش بھٹ کی بیٹی کا میدان اداکاری میں قدم رکھنا یقینی ہی تھا مگر ٹین ایج میں اس فلم نگری کا حصہ بن جانے کی امید خود عالیہ کو بھی نہیں تھا۔ وہ ہائی اسکول سے فارغ ہی ہوئی تھی جب اسے کرن جوہر نے ’ اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں لیڈ رول کرنے کی پیش کش کردی۔ عالیہ نے کرن کو مایوس نہیں کیا اور پھر فلم نگر میں اس کی مصروفیات بڑھتی چلی گئیں۔